غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاﺅن، 16غیر قانونی پٹرول پمپس سیل

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 22جنوری 2021 )حکومت پنجاب کے حکم اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی ، غیر رجسٹرڈ پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناءضلع انتظامیہ ، کسٹم حکام، ڈی او انڈسٹریز، محکمہ سول ڈیفنس اور پولیس پر مشتمل تشکیل دی گئی ٹیموں نے بغیر منظوری کے چلنے والے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے تحت اب تک 16غیر قانونی پٹرول پمپس کو سیل کیا گیا ہے ۔

خصوصی ٹیموں نے ٹیم ورک کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران غیر قانونی پٹرول پمپس چلتے ہوئے پائے گئے جنہیں موقع پر ہی سیل کر دیا گیا ۔ اس موقع پر خصوصی ٹیم کے افسران نے واضح طور پر کہا کہ بلا اجازت پٹرول پمپس کی تنصیب قانوناً جرم ہے اور اسے ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی جگہ غیر قانونی پٹرول پمپس کی تنصیب ، پٹرول کی خرید و فروخت میں ناپ تول اور اوزان میں پیمائش پر کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گاچاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔انہوں نے غیر قانونی پٹرول پمپ لگانے والوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ایسے غیر قانونی افعال سے باز رہیں ۔ چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو سراہتے ہوئے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف آپریشن کو قابل تحسین قرار دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں