عوام ویکسین سے متعلق افواہوں پر توجہ دینے کی بجائے ویکسی نیشن پر توجہ دیں تا کہ خود کو محفوظ کر کے وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن ہی موثر تحفظ فراہم کر سکتی ہے ، عوام الناس ویکسین سے متعلق افواہوں پر توجہ دینے کی بجائے ویکسی نیشن پر توجہ مرکوز کریں تا کہ خود کو محفوظ کر کے وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 26مئی2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈسٹرکٹ بار منڈی بہاﺅالدین میں وکلا کو کورونا کے خلاف ویکسی نیشن لگوانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکرٹری اور بار ایسوسی ایشن کے ممبران کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنر کی موجودگی میں متعدد وکلاءکو کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگائی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ،ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ نے بتایا کہ گزشتہ روز سے اب تک 144وکلاءکی ویکسی نیشن کر دی گئی ہے اور یہ عمل تمام وکلاءاور دیگر بار ممبرز کی ویکسی نیشن تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ امریکہ، برطانیہ اور دیگر کئی ممالک نے ماس ویکسی نیشن کے ذریعے کورونا وبا پر موثر کنٹرول حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام الناس کو حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن کی مفت سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیئے ۔

انہوں نے بتایا کہ دیگر ویکسین کی طرح کورونا ویکسین بھی محفوظ ہے لیکن شعور اور آگاہی کی کمی کی وجہ سے بعض لوگ کورونا ویکسین بارے جو افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ کسی طرح بھی درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک آفاقی قول کے مطابق پرہیز علاج سے بہتر ہے کے اصول کو اپناتے ہوئے ہمیں وبا کو پھیلنے سے روکنا ہو گا ۔ جس کیلئے وبا سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن کروانا لازمی ہے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ بار کی لائبریری اور آئی ٹی سنٹر اور کینٹین میں سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں