عوام بالخصوص والدین اپنے 9ماہ سے لے کر 15سال کے بچوں کو ٹائیفائڈ سے بچاﺅ کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں، ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 28جنوری 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر متحد ہو کر انسداد ٹائیفائیڈ مہم کو کامیاب بنانا ہے، عوام الناس بالخصوص والدین اپنے 9ماہ سے لے کر 15سال تک کی عمر کے بچوں کو ٹائیفائڈ سے بچاﺅ کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور حکومت، انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کاوشوں میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں،انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ پولیو ایسی کامیاب مہموں کی طرح انسداد ٹائیفائیڈ مہم کو بھی ملی و قومی جذبے ، دیانتداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ کامیاب بنائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں میونسپل کمیٹی ہال میں انسداد ٹائیفائیڈ مہم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرزڈاکٹر محمد افتخار،ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی،ایم ایس ٹی ایچ کیو پھالیہ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری،سی او میونسپل کمیٹی محمد فیاض، فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ بیماری سے چھٹکارا کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروائیں، حفاظتی ٹیکوں کا کورس ویکسی نیشن ٹیموں ، قریب ترین سنٹرز اور مراکز صحت سے مکمل کروایا جا سکتا ہے، ٹائیفائیڈ ایک خطرناک بیماری ہے اور اگر علاج نہ کروایا جائے تو بچوں میں آنتوں کی سوزش اور خون بہنے ایسے امراض کی وجہ سے بچوں کی جان بھی جا سکتی ہے۔انہوں نے انتظامی اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ انسداد ٹائیفائیڈ مہم کی ویکسی نیشن کے حوالے سے بھر پور عوامی آگاہی مہم چلائی جائے اور ویکسی نیشن سے ایک روز قبل مساجد سے اعلانات کروائے جائیں ۔ اس مہم میں کسی قسم کی غفلت ، سستی یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اس مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا کلیدی کردار ادا کرے تا کہ مستقبل کے ہونہار صحت مند زندگی گزار سکیں۔قبل ازیں شرکاءسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور یونیسیف کے اشتراک سے ضلع منڈی بہاوالدین میں یکم فروری سے 15فروری 2021تک ضلع کی 8یو سیز کے شہری علاقوں میں 9ماہ سے 15سال تک کی عمر کے92ہزار سے زائد بچوں کو ٹائیفا ئیڈ سے بچاﺅ کی ویکسی نیشن کی جائے گی اور اس مہم کے اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں گے تا کہ مستقبل کے ہونہار صحت مند زندگی گزار سکیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی ہال سے لے کر پریس کلب تک آگاہی واک کی قیادت کی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں