منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02مئی 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا ۔انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیاجا رہا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کنگ روڈ رمضان بازار اور سٹی رمضان بازار کا بھی دورہ کیااس مو قع پر ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ اور دیگر افسران بھی موجودہ تھے ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار وں میں اشیائے خوردونوش کے مختلف سٹالز کا معائنہ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اشیاءکی کوالٹی ، مقدار اور قیمتوں اور کورونا ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے انچارج رمضان بازار کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوام الناس کو ایک کلو چینی کے بجائے 2کلو چینی فراہم کی جائے اورسبزی و فروٹ رمضان بازاروں میں تازہ اور فرش ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام الناس کو ریلیف کی فراہمی بنیادی ترجیح ہے.
عام مارکیٹ کی نسبت رمضان بازاروں میں چینی 20روپے رعائت کے ساتھ 65روپے فی کلو جبکہ 10کلو گرام آٹے کا تھیلا 55روپے کی بچت کے ساتھ 375 روپے فی تھیلا مہیا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں کریانہ، مشروبات ، کھجور، گوشت، انڈے عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں چیزوں کی کوالٹی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس کو متحرک کیا گیا ہے تا کہ صارفین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ رمضان بازاروں میں خریداری سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں۔