منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10دسمبر2020)اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کا نوٹس لے، کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، 22کروڑ پاکستانی عوام کے د ل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، منڈی بہاﺅالدین کے عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنرمنڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال اسد عباس شیرازی نے اپنی اپنی تحصیلوں میں عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ ریلیوں کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ ریلیوں کا انعقاد حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تینوں تحصیلوں کی انتظامیہ کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔یہ ریلیاں میونسپل کمیٹی سے لے کر پریس کلبز چوک تک نکالی گئیں۔ ریلیوں میں تمام محکموں کے افسران اور اہلکاران،تاجر، سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔
شرکائے ریلی نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی پر مبنی نعروں اور تحریروں کے بینرز ، پلے کارڈز اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عالمی فورم پر کشمیر کے حوالے سے پاکستانی قوم کا موقف ذمہ دارانہ انداز میں پیش کیا جس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک بنیادی ایشو بن گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیر کلیار نے ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر ہر پاکستانی نے مل کر پوری دنیا کو بھارت کا بھیانک چہرہ اور کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کو دکھا دیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔
اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر اسد عباس شیرازی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد کی آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی بھر پور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری میں تنہا کر دیا ہے۔