منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 10 مارچ 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے منڈی بہاﺅالدین ،پھالیہ اور ملکوال میں 60سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد کیلئے بنائے گئے کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کا افتتاح کر دیا۔جہاں حکومتی ہدایت کے مطابق ان مراکز پر 60سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے ویکسی نیشن کی جائے گی۔
ان مراکز پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز،اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عمر مرتضیٰ پراچہ ،ایم ایس ٹی ایچ کیوز، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں ، دوسرے مرحلے میں 60سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد کو ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ اس کا ہر طرح سے ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز نے کورونا وبا کے دوران انتہائی محنت اور جانفشانی کے ساتھ خدمات سر انجام دی ہیں اور یہ ہمارے ہیروز ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مذیدبتایا کہ پہلے مرحلے میں ضلع منڈی بہاﺅالدین کے ایک ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جس کے کوئی مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موذی مرض سے نجات کیلئے اپنے بزرگ افراد کو متعلقہ سنٹرز پر خود جا کر یا شناختی کارڈ نمبر 1166پر ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹرڈ کروائیں تا کہ ان افراد میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پرانے ڈی ایچ کیو میں ڈائیلسز یونٹ کا بھی معائنہ کیا ، انہوں نے وہاں پر طبی آلات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والے طبی سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ان کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا ۔انہوں نے ڈائیلسز یونٹ کی مشینری و آلات کا بھی معائنہ کیا اور ان کی ورکنگ کے متعلق ڈاکٹراور پیرا میڈیکل سٹاف سے سوالات بھی کئے۔
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عمر مرتضیٰ پراچہ نے ڈپتی کمشنر کو ڈائیلسز یونٹ اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔بریفنگ کے بعد ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں صحت میں جدیدطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔