منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈی پی او سید علی رضا نے شہر کی مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کا اچانک دورہ کیا، کورونا ایس او یز کے تحت پبلک مقامات پر ماسک نہ پہننے پر متعددافراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ چھٹی کے دن دکانیں کھولنے پر متعدد دوکاندار گرفتار کر لئے گئے۔انہوں نے کورونا ایس پیز کے تحت شہریوں میں آگاہی مہم کے تحت ماسک بھی تقسیم کئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طاررق علی بسرا نے کہاکہ کورونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ کورونا سے بچاﺅ کیلئے ضلع بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدآمد کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کوبھی چاہیئے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں ، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، اسی میں ہم سب کی بقا ہے ۔انہوں نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو سو فیصد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ مخصوص دکانوں کے علاوہ جمعہ اور ہفتہ کو دکانیں بند ہونی چاہیئںاور عام دونوں میں مارکیٹ شام 6بجے بند کرنے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ شہر کا کاروباری طبقہ بالخصوص عوام الناس کورونا ایس او پیز عملدرآمد کے حوالے سے انتظامیہ کا ساتھ دے تا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو کنٹرول کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا نے کہا کہ ہم سب کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہے ۔ کورونا ایس او پیز کی پینڈیمک کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف بھاری جرمانوں کے علاوہ مقدمات بھی درج کئے جائیں گے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے سٹی رمضان بازار کا دورہ بھی کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے رمضان بازار میں اشیائے خوردونوش کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اشیاء کی کوالٹی ، مقدار اور قیمتوں کا بھی تقابلی جائزہ لیا۔ انہوں نے رمضان بازار میں آنے والے چینی اور آٹے کے صارفین کے بیٹھنے کی الگ الگ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق رمضان بازاروں میں عوام الناس کو ریلیف کی فراہمی بنیادی ترجیح ہے۔ انہوںنے بتایا کہ عام مارکیٹ کی نسبت رمضان بازاروں میں چینی20روپے رعائت کے ساتھ 65روپے فی کلو جبکہ 10کلو گرام آٹے کا تھیلا 55روپے کی بچت کے ساتھ 375 روپے فی تھیلا مہیا کیا جا رہا ہے۔ رمضان بازاروں میں کریانہ، مشروبات ، کھجور، گوشت، انڈے عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ اور ضلعی انتطامیہ کی جانب سے رمضان بازاروں میں فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی گئی ہیں جہاں سبزیاں، پھل ، دالیںاور بیسن عام مارکیٹ کی نسبت انتہائی کم قیمت پر فروخت کئے جا رہے ہیں۔