منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 12جنوری 2021)ڈپٹی کمشنرطارق علی بسرا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی نے11جنوری سے 15جنوری2021تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز حصہ لینے والی پولیوٹیموں کی انسپکشن کی۔
انسپکشنز کے دوران انہوں نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اورڈورٹو ڈور انسداد پولیو مہم کی نگرانی کی اور از خود بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔اس موقع پر انہوں نے انسداد پولیو ٹیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔ تقریروں اور باتوں سے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔محکمہ صحت کی ٹیمیں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے علاوہ لوگوں کو شعوری آگاہی بھی فراہم کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں۔
انہوں نے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت بالخصوص انسداد پولیو ٹیموں کے افسران، اہلکاران اور پولیو ورکرز محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔ امید ہے کہ سب کی عملی اور انتھک کاوشوں سے ملک بالخصوص صوبہ پنجاب بہت جلد پولیو فری زون بن جائے گا۔