صوبائی وزیر اعجاز عالم کی منڈی بہاوالدین آمد، ضلع کی پرفارمنس اور کئے جانے والے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 31 مارچ 2021) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور بین المذاہب ہم آہنگی پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ عوام الناس کے تعاون کے بغیر کرونا وائرس پر کنٹرول نا ممکن ہے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں کرونا ایس او پیز اور سماجی فاصلے پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف پینڈیمک کنٹرول ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کا ٹاپ ایجنڈا ہے اور اس کے خاتمے کیلئے ہر طرح کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن اینڈ ویلفیئر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین طارق علی بسرا ، ممبر صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن ، ڈی پی او سید علی رضا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین توقیر الیاس چیمہ، ڈی او پاپولیشن اینڈ ویلفیئر ابو الحسن مدنی ، ڈپٹی پاپولیشن اینڈ ویلفیئر آفیسر میاں عتیق الرحمان ، ڈی او ہیلتھ ، ڈی او انڈسٹری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ڈی او پاپولیشن اینڈ ویلفیئر ابو الحسن مدنی نے محکمہ بہبودوآبادی کے اغراض و مقاصد کارکردگی اور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اہداف اور ان کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفگ دی جس پر صوبائی وزیر نے محکمہ بہبود آبادی کو محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ڈور ٹو ڈور عوام الناس کو کرونا ایس او پیز سے متعلق اگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کے بارے میں ملٹی میڈیا کے ذریعے ضلع میں محکمہ صحت ، اراضی ریکارڈ سنٹرز ،صفائی ستھرائی کے نظام ، رمضان بازار، محکمہ مال اورپرائس چیکنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ

گزشتہ3ماہ سے اب تک ضلع بھر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں پرائس مجسٹریٹس صاحبان نے 26،961 انسپکشنز کیں اور مقرر کردہ قیمتوں کی 3،082 خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو 4،737،400 جرمانہ کیا گیا 14 ایف آئی آر کاٹی گئیں اور 10 افراد کو گرفتار کروایا گیا۔اسی طرح پرائسسز کی شکایات کے حوالے سے قیمت پنجاب ایپ پر 814 موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا گیااور کوئی شکایت زیرے التوا نہیں ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے مزید بتایا اشیاء خردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے شکایات کے موقع پر فوری ازالے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تینوں تحصیلوں میں پرائس مجسٹریٹس ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جہاں میگا فون پر اعلانات کے ذریعے نہ صرف صارفین کو ان کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متوجہ کیا جاتا ہے بلکہ کسی شکایت کے سامنے آنے پر پرائس مجسٹریٹ آفیسران موقع پر کاروائی کرتے ہیں جس کی وجہ سے تاجراور دوکاندار بھی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرنے سے باز رہتے ہیں۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کے ضلع میں آٹا اور چینی وآفر مقدار میں موجود ہیں اور رمضان المبارک کے موقع پر حکومتی ہدایات کے مطابق عوام الناس کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ضلعی کی لاءاینڈ آرڈر کی صورت حال سے متعلق بریفگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع منڈی بہاولدین مجموعی طور پر امن و امان کے حوالے سے ایک پرامن ضلع ہے تمام مذاہب کے ماننے والوں کی مذہبی آزادی حاصل ہے دیگر اضلاع کی نسبت یہاں پر چوری ڈکیتی ایسے جرائم نہایت ہی کم ہوتے ہیں۔صوبائی وزیر نے نئے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈ ز کا معاوئنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبعی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں پر آئے ہوئے سائلین سے سہولیات کی فراہمی کے بارے استفسار بھی کیا جس پر سائلین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

صوبائی وزیر نے سٹی پولیس سٹیشن کابھی دورہ کیا انہوں نے پولیس سٹیشن کے مختلف شعبوں اور حوالات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔صوبائی وزیر نے شہر کے مختلف بازاروں کے دورے کے دوران آٹا ٹرکنگ پوانٹس، دوکانوں اور مارکیٹوں کا بھی معائنہ کیا اور اشیاءخوردو نوش کے معیار اور پرائس کے حوالے سے جائزہ بھی لیا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بازاروں سے تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی تا کہ عوام الناس کی آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل ناجائز منافع خور اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا پر کڑی نگاہ رکھی جائے تاکہ عوام الناس کو بلا تردد معمول کہ مطابق اشیاءخوردنوش بہم رسانی جاری رہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں