منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23جنوری 2021)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو محبت اور توجہ دے کر معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکتا ہے کیونکہ اسپیشل افراد کو اللہ تعالیٰ نے اضافی خوبیوں سے نوازا ہے جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ وہ بھی معاشرے کے نارمل افراد کی طرح فعال شہری بن سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ریڈریسل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، فوکل پرسن برائے نابینا افراد حافظ محمد الیاس، حافظ محمد انور، فوکل پرسن برائے جسمانی معذور افراد منیر احمد زاہد، فوکل پرسن ڈیف افراد محمد نعمان ،اسپیشل ایجوکیشن کے نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو اسپیشل افراد کےلئے ضلع منڈی بہاﺅالدین میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور نئے ایجنڈے میں شامل مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن،سہولت ڈیسک ، خدمت کارڈ کے اجراءاور بحالی، سرکاری محکموں میں سپیشل افراد کے کوٹہ کی تفصیلات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔اجلاس میں موجود اسپیشل افراد کے نمائندوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو رعایتی سفری کارڈ پر عملدرآمد ،خصوصی بچوں کے کالجوں اورسکولوں میں داخلہ سے متعلق اپنی گزارشات پیش کیں۔
جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے سیکرٹری آر ٹی اے کو تمام ٹرانسپورٹرز کو خصوصی افراد کے رعایتی سفری کارڈپرعملدرآمدیقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے کہا کہ سپیشل افراد کی سفری رعائت کے حوالے سے بینرز بس سٹینڈز پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں ۔انہوںنے ہدایت کی کہ آگاہی مہم کے ذریعے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں زیادہ سے زیادہ خصوصی بچوںکا داخلہ کروایا جائے تا کہ وہ بھی ہنر سیکھ کر معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ انہوںنے کہا کہ سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے خصوصی افراد کا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ایسا ماحول اور تعلق پیدا کیا جائے کہ انہیں بھی نارمل انسانوں کی طرح معاشرے میں زندگی گزار نے پر کوئی دقت پیش نہ آئے ۔