سرکاری ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق ماسک، آکسیجن سلنڈرز ، طبی و حفاظتی سامان وافر مقدار میں موجود ہے، محمد شفیق

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24مئی2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ قومی سطح پر ہونے والے اقدامات سے کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی کورونا وائرس سے بچاﺅ اور تحفظ کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق ماسک، آکسیجن سلنڈرز ، طبی و حفاظتی سامان وافر مقدار میں موجود ہے، ڈرگ انسپکٹر، پرائس مجسٹریٹس باقاعدگی سے مارکیٹ میں ماسک ، آکسیجن سلنڈرز، اسسریز اور دیگر ضروریات زندگی کی وافر مقدار میں دستیابی ،سپلائی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے مانیٹرنگ اور چیکنگ پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ضلعی افسران، انجمن تاجران اور سٹاکسٹ کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منڈی بہاﺅالدین مہار اختر حسین بلوچ، میڈیکل ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے نمائندوں، سٹاکسٹ، اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہاکہ کورونا وبا کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہمیں بلا غرض و غایت ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے تا کہ کل خدائے برتر کی عدالت میں سرخرو ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسک ،آکسیجن سلنڈرز، کورونا ادویات،اسسریز، سینی ٹائیزر کی مقررہ قیمتوں پر فروخت اور دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ اس صورت میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے انجمن تاجران ، ڈرگ سٹاکسٹس، دیگر مارکیٹ کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ قومی ایمرجنسی کے پیش نظر محب وطن شہری کا فریضہ ادا کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی ڈیمانڈ، سپلائی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق بھر پور تعاون کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اورکسی بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی نا صرف حوصلہ شکنی کریں گے بلکہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی میں ضلعی انتظامیہ کی بھر پور معاونت کریں گے۔

اس سلسلے میں ڈرگ انسپکٹرزاور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدگی سے مانیٹرنگ اور چیکنگ کررہے ہیں اس موقع پر انجمن تاجران کے صدور اور دیگر نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کو موجودہ قومی ایمرجنسی کی صورت میں اپنی غیر مشروط تعاون کو یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں