منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16فروری2021)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ زچگی کے بعد خاندان کے افراد اور ڈاکٹرز کی بر وقت سپورٹ زچہ کو صحت مند بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، یہ ضروری نہیں ہے کہ پوسٹ پارٹم (ذہنی ڈپریشن) جیسی صورتحال سے صرف خواتین ہی گزرتی ہیں بلکہ بعض اوقات مرد حضرات کو بھی اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کا ممکنہ حل مریض کے مرض کی فوری تشخیص اور علاج ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں تحصیل کونسل ہال منڈی بہاﺅالدین میں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام زچگی کے بعد کے مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی او پاپولیشن ابوالحسن مدنی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر عتیق الرحمٰن، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسرٹیکنیکل ڈاکٹر امامہ، فیملی ہیلتھ موبائل یونٹ ڈاکٹر کشمالہ الیاس کے علاوہ محکمہ بہبود آبادی اور صحت کی لیڈی ہیلتھ ورکرز اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ابوالحسن مدنی نے زچگی کے بعد زچہ و بچہ کے 40دن کے دورانیہ کو اہم قرار دیتے ہوئے شرکاءپر واضح کیا کہ زچہ و بچہ کو بالخصوص حاملہ خواتین کو بعض اوقات ذہنی ، نفسیاتی ، جذباتی، ڈپریشن اورجسمانی عوارض کو سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔ اگر اس کا بر وقت علاج معالجہ نہ کیا جائے تو زچہ و بچہ کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے لہذا اس 40دن کے دورانیہ میں زچہ و بچہ کو لواحقین اور ڈاکٹرز کی جانب سے خصوصی دیکھ بھال اور نگہداشت کی اشد ضرورت ہوتی ہے جس کے ملنے سے وہ صحت مند ہو کر نارمل زندگی گزار کے قبل ہو جاتے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسرٹیکنیکل ڈاکٹر امامہ اور فیملی ہیلتھ موبائل یونٹ ڈاکٹر کشمالہ الیاس نے شرکاءکو زچگی کے بعد سے پیدا ہونے والے مسائل اور ان سے نپٹنے کیلئے ضروری آگاہی اور رہنمائی فراہم کی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے مذید کہاکہ پوسٹ پارٹم ایسی صورتحال سے نبرد آزما مریض کی ہم بھر پور دیکھ بھال اور نگہداشت کریں اور اس کے بہترین علاج و معالجہ کیلئے ڈاکٹرز صاحبان کی معاونت بھی حاصل کریں تا کہ وہ صحت مند ہو کر نامل زندگی گزارنے کی قابل ہو سکیں۔