منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14فروری2021) ریجنل ایمرجنسی آفیسر (گوجرنوالہ ڈویژن) سید کمال عابد نے ریسکیو 1122 آفس منڈی بہاﺅالدین کا دورہ کیا،ضلعی ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان نے انہیں خوش آمدید انہیں کہا ۔ سینٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 منڈی بہاﺅالدین آمد پر ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو 1122کی گاڑیوں، بلڈنگ اور سٹاف کے ٹرن آﺅٹ کا تفصیلی معائنہ کیا ۔
اس موقع پرریجنل ایمرجنسی آفیسر (گوجرنوالہ ڈویژن)سید کمال عابدنے کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد ریسکیو اسٹیشن کی استعداد کار کو جانچنا اور دستیاب وسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے ۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر عمران خان نے ضلع کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور دستیاب وسائل پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابدنے ضلع کی کارکردگی کو سراہا اورمستقبل میں بھی اسی جوش و جذبہ کے ساتھ لوگوں کو ایمرجنسی کی سروس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ وہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن ہیں جس پر تما م ریسکیو اسٹاف اور ضلعی ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان کی انتھک محنت و لگن کو سراہا اور بہترین کارکردگی پر ٹرانسپورٹ مینٹی نینس انسپکٹر شوکت علی رانجھا اوراسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد سہیل خان کی خصوصی طور پر تعریف کی اور صفائی کے بہترین معیار پر سینیٹری ورکرز کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ اس موقع پر ضلعی ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان نے ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد کا ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی پر شکرےہ ادا کےا اور کہا کہ ان کی آمد سے ریسکیو اہلکاروں کا حوصلہ مزےد بلند ہوا ہے اور اس طرح کے دوروں سے سروس کے معیار کومزید بہتر بنانے میں معاونت اور رہنمائی حاصل ہو گی ۔بعد ازاں ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان کے سسر اور سینئر ریسکیور گلزار حسین (مرحوم) کی فاتحہ خوانی کی اور ان کے بلند درجات کی دعا کی۔