حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی زرعی مشینری و آلات کی قرعہ اندازی کیلئے 257درخواستیں پیش

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24 مارچ 2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوتوقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو مستقل بنیادوں پر پورا کرنے کیلئے اہم اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ضروری ہے، زراعت کے شعبے میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال سے کماد اور دیگر فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے آغاز نے کسانوں کی مشکلات کو خاتمہ کر دیا ہے اور جس تیزی سے کاشت کاروں کی فلاح و بہبود کیلئے زرعی شعبے نے جدت لانے کیلئے جو کاوشیں کی گئی ہیں اس سے ہر کسان خوشحال ہو گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں اسسٹنٹ ڈائریکٹر راعت (توسیع) کے کمیونٹی ہال میں کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبے کے حوالے سے قرعہ اندازی کے ذریعے زرعی آلات حاصل کرنےو الے خوش نصیب کسانوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) منڈی بہاﺅالدین شیخ محمد اقبال، احمد نواز گوندل آف پپلی ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گجرات ڈاکٹرعرفان وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹی کلچر، کسانوں اور کاشت کاروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی زرعی مشینری و آلات میں 10عدد چیزل پلو، 2عدد ایس سی پلانٹر، 3عدد ارلی ہل اپ اور 3عدد گریولر پیسٹی سائیڈز اپلیکیٹرز شامل ہیں ۔اس حوالے سے قرعہ اندازی کیلئے 257درخواستیں پیش کی گئی تھیں۔ جن میں سے 44درخواستوں کو مسترد جبکہ 213درخواستوں کو درست قرار دیا گیا۔ان درست درخواستوں میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے جیتنے والے 18جبکہ 40رنر اپ رہے ۔ جیتنے والے خوش نصیبوں میں 18عدد کماد کی بڑھوتری کیلئے استعمال کئے جانے والے زرعی آلات و مشینری تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت ملک بھر کے کسانوں اور کاشت کاروں کو سبسڈی پر زرعی مشینری فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں کسانوں کو سبسڈی پر زرعی آلات قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی آلات و دیگر منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ کسانوں کو جتنا زیادہ ریلیف حاصل ہو گا ملک اتنا زیادہ ترقی کرے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گجرات ڈاکٹر عرفان وڑائچ نے کہا کہ حکومت گندم، کماد اور دیگر اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو زرعی آلات اور دیگر مشینری کے حصول پر 50فیصد سبسڈی دے رہی ہے ۔یہ سہولیات 2024تک جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کا مقصد ملک ، صوبے سمیت کسانوں کو خود کفیل بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں