منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 16 مارچ 2021 ) وائس چیئرمین اووسیزپاکستانیز پنجاب وسیم اختر چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سمند پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں پوری طرح سنجیدہ ہے، غیر قانونی امیگریشن کو دنیا بھر میں کسی جگہ پذیرائی حاصل نہیں ہے ، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے نئے ایکٹ کے تحت کیسز کے فیصلے کریں اور سائلین کو بھی اس سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں تحصیل کونسل ہال میں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام سیف امیگریشن اور غیر قانونی امیگریشن کے خطرات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ابوالحسن مدنی، سیز کمیٹی رانا گلفام حیدر، پراسیکیوشن افسران،تحصیلداران و نائب تحصیلداران،ممبر اورسیز کمیٹی فیصل گوندل، ترجمان اوورسیز کمیٹی حمزہ علی ، مدثر احمد، درخواستگزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین اووسیز پاکستانیز پنجاب وسیم اختر چوہدری نے کہا کہ غیر قانونی طریوں سے بیرون ممالک جانے والے اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کو خطرات میں ڈالنے کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی نے بیرون ملک جانا ہو یا ملازمت کرنی ہو تو باقاعدہ تکنیکی طور پر ہنر مندی حاصل کر کے ملکی پالیسی کے تحت قانونی طریقے سے جانا سود مند ہے ۔ انہوں نے شرکاء پر واضح کیا کہ جو پاکستانی بیرون ملک جانے کیلئے اپنا روپیہ اور سرمایہ صرف کرتے ہیں وہ اپنے ملک میں رہ کر چھوٹا موٹا کاروبار کر کے زیادہ سے زیادہ روپیہ اور سرمایہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اپنے خطاب میں کہاکہ بیرون ملک پاکستانیز ملک کا عظیم اثاثہ ہیں وہ ملک کے بہترین سفیر اور سرمایہ ہیں ۔ ملک کی معاشی ترقی میں ان کا بہت بڑا حصہ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی سطح پر ان کے مسائل کے حل کیلئے نا صرف محکمہ مال بلکہ تمام متعلقہ محکمے بھی جانفشانی کے ساتھ ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔
قبل ازیں وائس چیئرمین وسیم اختر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ اووسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں اراضی پر قبضوں ، جائیدادوں کی وراثتی تقسیم، رقوم کے لین دین، تجاوزات، دھوکہ دہی، جان سے مار دینے کی دھمکیوں اور دیگر مسائل پر مشتمل اووسیز پاکستانیز کی 22درخواستیں اور شکایات پیش کی گئیں جن پر وائس چیئرمین نے ہر دو پارٹیوں کا فردا ً فرداً موقف سننے کے بعد حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ اووسیز پاکستانیز کے نئے ایکٹ کے تحت نا صرف کیسز کے فیصلے کئے جائیں بلکہ سائلین کو بھی بر وقت آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔
وائس چیئرمین نے اووسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکموں کے افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لائق تحسین ہے ۔ بعد ازاں وائس چیئرمین نے ڈی سی آفس میں سمندر پار پاکستانیز کے ضلعی دفتر کا افتتاح کیا اور لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔