منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 09فروری2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ جمع بندیوں، کھیوٹ بلاک، مسنگ میوٹیشنز کے ایشوز ذاتی دلچسپی لے کر حل کئے جائیں، انہوں نے تینوں تحصیلوں کے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں اراضی سے متعلقہ زیر التوا ایشوز کے حل کے لئے اہداف دیتے ہوئے کہا کہ15یوم میں کی جانے والی کاروائیوں بارے ڈی سی آفس کورپورٹ پیش کی جائے۔ اے ڈی سی آر بھی ریونیو افسران سے میٹنگز میں حل طلب ایشوز کے بارے میں استفسار کریں۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ڈی سی آفس میں ریونیو افسران کے ساتھ سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان منڈی ملک کاشف نواز، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی، لینڈ ریکارڈ سنٹرز کے انچارج صاحبان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے تینوں تحصیلوں کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کمپیوٹرائزڈ ہونے سے رہنے والے موضع جات کا جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ کیا جائے اور اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنرز اور اے ڈی ایل آرز ذاتی دلچسپی لے کر مطلوبہ ٹاسک کو مکمل کروائیں۔ انہوں نے تحصیلوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ز لینڈ ریکارڈز کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سنٹرز پر کام میں تیزی لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کا بنیادی مقصد اراضی ریکارڈ کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ رکھنا اور اس سے منسلک تمام عوامی مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔
انہوں نے مذید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر دئیے جانے والے اہداف کی تکمیل کے حوالے سے سٹاف کی کارکردگی کو چیک کیا جائے اور جہاں کہیں کمی بیشی ہو اسے فورا درست کیا جائے۔ ان امورز میں کسی قسم کا سمجھوتہ ، سستی اور کاہلی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔