منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03مئی 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ محکمےانسداد ڈینگی سے متعلق ان ڈور ، آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مذید بہتری لائیں اور اس کے نتائج کی روشنی میں لاروا سائیڈنگ کاکام بھر پور طریقے سے مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں تاکہ کسی بھی طرح ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔ انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت کی ہر گز گنجائش نہیں ہے اور انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے تسلسل اور محنت کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر رضوان تابش، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، تینوں تحصیلوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر مہار اخترحسین بلوچ، ڈاکٹر بشریٰ چوہدری ڈاکٹر ناصر وقار، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف، فرحان احمد کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق سات ہاٹ سپاٹ جگہ پر ڈینگی لاروا پایا گیا جس کی فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ26 اپریل سے 30 اپریل 2021 تک ان ڈور 63 ہزار 950 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 8 ہزار 420 گھروں کو چیک کیا گیا ۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 2 لاکھ 51 ہزار 820 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 34 ہزار 116 کنٹینرز چیک کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 349 نوٹسز جاری کئے گئے۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ڈینگی پر قابو پانا ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنے دفاتر اور ارد گرد کے ماحول کوانسداد ڈینگی ایس او پیز کے مطابق بنائیں، انسداد ڈینگی رولز کی خلاف ورزی پر کسی سے کوئی رعائت نہ برتی جائے ۔