منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 20اپریل 2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تمام محکمے اپنی تیاریوں کے حوالے سے ایک ہفتے کے اندر اندر جامع پلان بنا کر پیش کریں اور محکمہ ایریگیشن کے ساتھ مل کردریائی حفاظتی بندوں اور شہر کے نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوائنٹ ایکشن رپورٹ بھی پیش کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں مون سون سے قبل سیلابی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار،ا یڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اجلاس کو آمدہ مون سون سیزن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ موسم برسات میں ممکنہ سیلابوں سے نمٹنے کیلئے اپنی اپنی تیاریوں کے پلان سات یوم کے اندر پیش کریںاور اس سلسلے میں ضلع میں بہنے والے دریاﺅں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے متعلق جوائنٹ ایکشن رپورٹ بھی پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات کے دوران ممکنہ سیلاب سے بچنے کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کی جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ محکمے اور ریسکیو 1122 کے افسر اور اہلکار بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی اپنی تیاریاں مکمل رکھیں اورکشتیوں، لائف جیکٹس، مشینری اور دیگر ضروری سامان وآلات کو مکمل چالو حالت میں رکھا جائے اور ہر محکمہ اپنا پلان تیار کر کے عملدرآمد یقینی بنائے ۔
انہوں نے کہاکہ ضروری مشینری و آلات ہر صورت میں فنکشنل ہونی چاہیئے اور ان کے فنکشنل ہونے کے سرٹیفکیٹ بھی پیش کئے جائیں۔انہوں نے اے سی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے میونسپل کمیٹی کے افسران ، نمبرداران اور امام مساجد کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور حفاظتی تدابیر بھی ان کے ساتھ شیئر کی جائیں اور شہری علاقوں میں نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کے فوری اخراج کے قبل ازوقت انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ موسم برسات میں ممکنہ سیلابوں سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔