منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03دسمبر2020)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کے مطابق لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی اشیاءضروریہ کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کے مطابق مستحکم رکھنے سے وابستہ ہے
انہوں نے پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں کیونکہ ان کی حقیقی کارکردگی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھ کر عوام الناس کو فائدہ پہنچانا ہے ، انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال سید اسد عباس شیرازی، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم نومبر سے لے کر3دسمبر 2020 تک مجسٹریٹس صاحبان نے 6،899انسپکشنز کیں ۔اوور چارجنگ، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور دیگر خلاف ورزیاں پائے جانے پرمختلف دکانداروں،بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو18لاکھ69ہزار703روپے جرمانے کئے گئے جبکہ 5گوداموں اور دکانوں کو سیل کیا گیااور 6ایف آئی آرز درج کر کے ایک شخص کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیاگیا۔ جس پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو عام بازاروں اور مارکیٹوں میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ چینی کی قیمت 83روپے فی کلو سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے دکانوں کو سیل کرنے کاحکم دیا ۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ امپورٹڈ چینی کی فروخت کو مذید بہتر بنایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں گھی ، دالوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ نرخوں سے زیائد فروخر کے والوں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاﺅن کیا جائے۔ انہوں نے مجسٹریٹس صاحبان کو ہدایت کی کہ اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں، ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی ہدایات کو کو سنجیدگی سے لے کر اس پر سوفیصدکارکردگی دکھانا ہوگی۔