منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23 فروری 2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق کی زیرے صدارت ضلعی بحالی اور تربیتی کمیٹی نے 22مستحق خصوصی افراد کو مالی امداد مہیا کرنے کے احکامات جاری کر دیے ۔ اس امر کا فیصلہ آج یہاں ڈی سی آفس میں ان کی زیرے صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر عاطف علی وڑائچ چیرمین ڈسٹرکٹ زکوٰة کمیٹی ،چیرمین ڈسٹرکٹ بیت المال کمیٹی ہارون اصغر، پرنسپل وی ٹی آئی، ڈی او انڈسٹری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر، فوکل پرسنز خصوصی افراد کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں مالی امداد کے مستحق24 خصوصی افراد کی جانب سے درخواستیں پیش کی گئیں تھیں۔ جن میں سے اجلاس میں موجود 22 مستحق خصوصی افراد کی درخواستوں اور دستاویزات کا فردا َ فرداَ جائزہ لیا گیا اور دستاویزات کو مصدقہ پائے جانے پر کمیٹی نے متفعقہ طور پر تمام 22خصوصی افراد کو مالی امداد مہیا کرنے کی منظوری دی گئی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ڈی او سوشل ویلفئیر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب تک خصوصی افراد کو مالی امداد مل نہیں جاتی وہ ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کے آیا انہیں مالی امداد مل چکی ہے۔
انہوں نے کہا خصوصی افراد معاشرے کے دیگر نارمل افراد کی طرح مساوی حقوق رکھتے ہیں ۔ خصوصی افراد صلاحیتوں کے اعتبار سے عام افراد سے کم نہیں ہوتے۔ اس لیے ان کا احترام و عزت کا خاص خیال رکھا جائے۔انہوں نے بتایا اگر خصوصی افراد کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے ان کو مواقع فراہم کیئے جائیں اور پوری توجہ دی جائے تو وہ بھی معاشرے کے نارمل افراد کی طرح بہتر طور پر خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے وی ٹی آئی اور دیگر پیشہ ورانہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کے وہ اپنے اداروں میں خصوصی افراد کو پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت فراہم کریں۔تاکہ وہ خود روزگار کما کر بہترطور پرزندگی گزار سکیں۔