منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23دسمبر2020 )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین اوورسیز کمیٹی محمد عارف گوندل نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیز ہماری شناخت اور سفیر ہیں ،ان کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات کے حل اور انہیں تمام ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے کسی کو ان کےلئے مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انچارج اوورسیز کمیٹی مدثر احمد،ممبر اورسیز کمیٹی فیصل گوندل،امتیاز، ترجمان اوورسیز کمیٹی علی حمزہ،مختلف محکموں کے افسران، درخواستگزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔
قبل ازیں اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق 18شکایات شکایات پیش کی گئےں جن میں سے15شکایات فوری طورپر داد رسی کیلئے مختلف محکموں کو بھیج دی گئیں جبکہ 3 حل شدہ شکایات کو داخل دفتر کر دیا گیا ۔زیادہ تر شکایات محکمہ ریونیو اور پولیس کے متعلق تھیں۔ اے ڈی سی آر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین اوورسز کمیٹی نے آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں پر فرداََ فرداََ سماعت کرتے ہوئے موقع پر ہی مختلف محکموں کو ان کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کیں اور فوری طور پر رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔
توقیر الیاس چیمہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواستگزاروں کو ہر ممکن حد تک مطمئن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستیں میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے نمٹائی جائیں اور حل ہونے والی درخواستوں کو متعلقہ ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔محمد عارف گوندل نے کہا کہ بزدار حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہتر اقدامات اور ان کے معاملات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ان کے مسائل جو ضلعی انتظامیہ ،پولیس یا دیگر اداروں سے متعلق ہوتے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بعض اوورسیز کی جائیدادوںپر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ پولیس کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ایمانداری سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں ان کی جائیدادوں اور خاندانوں کو مکمل تحفظ ملنا چاہیئے۔