انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر466نوٹسز جاری کئے گئے

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24مئی2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باوجود انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ سرویلینس کی جائے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے،انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز گنجائش نہیں ہے،انسداد ڈینگی کی کاروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے اپنی کارکردگی ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر رضوان تابش، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر مہار اخترحسین بلوچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس پھالیہ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، فیلڈ انسپکٹر ماحولیات عاطف عمران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران ڈٰںغٰ لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ 518ٹیموں نے ان ڈور77ہزار575گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور9ہزار660گھروںکو چیک کیا گیا ۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3لاکھ19ہزار96کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت40ہزار233کنٹینرز چیک کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر466نوٹسز جاری کئے گئے۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ انسداد ڈینگی سے متعلق ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں بہتری لائیں اور اس کے نتائج کی روشنی میں کباڑ خانوں ،ٹائر شاپس، زیرتعمیر عمارتوں، جوہڑوں، نرسریوں ،قبرستانوں، پارکس، سروس سٹیشنز، اور دیگر ہاٹ سپاٹ جگہوں پر لاروا سائیڈنگ کا کام مستقل بنیادوں پر بھرپور طریقے سے سرانجام دیں تاکہ ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ تحصیل سطح پر قائم کمیٹیوں کو فعال رکھا جائے، فیلڈ ٹیمیں اپنی کاروائیوں کے دوران اینڈرائیڈ فون کا استعمال کریں اور تمام سرگرمیوں کا شیڈول تیار کیا جائے۔طارق علی بسرا نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ لاروا برآمد ہونے اور اس کی افزائش کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں