منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17مئی 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق کہ ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ سرویلینس کی جائے اور اس کی تلفی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے، انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز گنجائش نہیں ہے، انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے تسلسل اور محنت کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈ سٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر رضوان تابش، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی کاروائی کے مطابق جن جگہوں پر ہاٹ سپاٹ ڈینگی لاروا پایا گیا وہاں پر فوری کارروائی کر کے کیمیکل اور مکینیکل لاروا سائیڈنگ کی گئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ 06 مئی سے 12 مئی 2021 تک ان ڈور 77 ہزار 675 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 10 ہزار 50 گھروں کو چیک کیا گیا ۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3 لاکھ 23 ہزار 384 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 41ہزار66کنٹینرز چیک کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر411نوٹسز جاری کئے گئے۔
بریفنگ سننے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم گردونواح کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیوننٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کمیوننٹی کے عملی تعاون کے بغیر مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ ممکن نہیں بالخصوص گلی محلوں ، گھروں میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے کمیونٹی موبلائزیشنن کیلئے شعور اور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں کو ترغیب دیں اور ماحول کو صاف رکھنے کے سلسلے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں۔