منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16فروری2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ٹائیفائیڈ جیسی مہلک بیماری سے تحفظ کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا تین سالہ کورس صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے ناگزیر ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر عوام الناس بالخصوص بچوںکی صحت کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں تا ہم والدین کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کی صحت کی خاطر حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے لازماًاستفادہ حاصل کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد ٹائیفائیڈ مہم کی 15روزہ کاروائیوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار احمد،ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید،نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف خالق،پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل اورڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم فروری سے لے کر15فروری 2021تک جاری رہنے والی انسداد ٹائیفائیڈ مہم کے دوران ضلع منڈی بہاﺅالدین کی 8یونین کونسلوں جن میں 5تحصیل منڈی بہاﺅالدین، 2ملکوال اور ایک پھالیہ کی یونین کونسل میں 9ماہ سے لے کر 15سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 1ہزار 726بچوں کو انسداد ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے گئے۔ اس طرح مجموعی کوریج 110فیصد رہی۔
انہوں نے بتایا اس مہم میں 2400فکسڈ سائیٹس مقرر کی گئی تھیں ،مہم میں تربیت یافتہ ویکسینیٹرز، نرسز، ایل ایچ ویز، ایل ایچ ڈبلیوز، سوشل موبلائزرزاور میڈیکل ٹیکنیشنز نے بھر پور حصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ اس مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ صحت کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھر پور معاونت حاصل رہی۔جس پر ڈپٹی کمشنر طار ق علی بسرا نے کہا کہ انسداد ٹائیفائیڈ مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔قوم کے نونہالوں کو ٹائیفائیڈ مرض سے محفوظ رکھ کر صحت مند معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکتا ہے۔