منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 30دسمبر2020 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی زائد قیمت اور غیر معیاری آٹے کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، غیر معیاری آٹا فراہم کرنے والی فلور ملز کا کوٹہ بند کر دیا جائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اوپن مارکیٹ میں سستے اور معیاری آٹے اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور ٹائیگر فورس کے کوآرڈی نیٹرحمزہ علی اور دیگر بھی موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے از خود موسچرائزر میٹر کی مدد سے آٹے میں نمی ، کوالٹی اور مقدار کو چیک کیا۔انہوں نے بازاروں میں سبزیوں، پھلوں ، گوشت، مچھلی کی قیمتوں، معیار کو چیک کیا اور صفائی ستھرائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بازاروں میں قائم مختلف سٹور مالکان اور خریداری کیلئے آئے ہوئے صارفین سے آٹے کی دستیابی اور معیار کے حوالے سے ان کی رائے بھی معلوم کی۔
اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے خوردونوش کے سرکاری ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہنگا اور غیر معیاری آٹا بیچنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں مقررہ نرخوں پر با آسانی اور وافر مقدار میں دستیاب کرانا ہیں جس کیلئے تمام ممکنہ وسائل اورا قدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں ے بتایا کہ حکومتی وزرائی، ڈویژنل و ضلعی اور متعلقہ محکموں کے افسران باقاعدگی سے سبزی منڈیوں ، عام بازاروں اور تجارتی مراکز کے دورے کر رہے ہیں اور آٹا ، چینی سیت دیگر اشیاءکی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں تا کہ کسی بھی قسم کی عدم دستیابی اور قلت سے بر وقت نبٹاجا سکے۔