اسسٹنٹ کمشنر کا پرانے ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہاوالدین کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 28جنوری 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز نے اولڈ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پرڈی ایم ایس، ڈاکٹر صاحبان اور طبی عملہ بھی موجود تھا۔

اپنے دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں ایمرجنسی، لیبارٹریز، پرچی کاﺅنٹر ، فارمیسی، لیبر روم ، وارڈز کے علاوہ دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر علاج معالجہ کیلئے آئے ہوئے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغورجائزہ لیا ۔ انہوں نے وارڈز میں مختلف مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر مریضوں نے علاج معالجہ کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات پر اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹر صاحبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کو طبی لحاظ سے ہر ممکن سہولیات کی بر وقت فراہمی آپ کی بنیادی اور پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں غفلت یا تاخیر نا قابل قبول ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہم کردہ سہولیات کی دستیابی پر کڑی نظر مرکوز ہے تا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ علاج معالجہ اور ٹیسٹنگ سے متعلق بین الاقوامی طور پر مصدقہ طبی پروٹوکول کو فالو کیا جائے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔ ملک کاشف نواز نے کہا کہ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بر وقت فراہمی کی وجہ سے عوام الناس کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جو کہ ایک خوش آئند امر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں