منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15فروری2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسراکی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز کا تحصیل منڈی بہاﺅالدین کے موضع ککا میں قبضہ گروپ کے خلاف آپریشن ،265کنال 14مرلے سرکاری رقبہ واگزار کروا لیا گیا، واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 6کروڑ 66لاکھ روپے سے زائد ہے۔ واگزار کروائی گئی زمین پر با اثر افراد نے ڈیرے اور فصل کی کاشت کی ہوئی تھی۔ قبضہ گروپ کو با اثر شخصیات کی پشت پناہی حاصل تھی۔ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز نے کہا کہ ضلع بھر میں قبضہ گروپوں کے خلاف موثر کریک ڈاﺅن جاری ہے ،سرکاری املاک پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری اراضی اور املاک پر قبضہ کسی صورت برداشت نہ کیا جائے ،قبضہ مافیا اور ان کی سرپرستی کرنے والوں سے حکومت سختی سے نپٹے گی ۔ انہوں نے کہا کہ افسران تجاوزات اور ناجائز قابضین کے خلاف بھر پور حکمت عملی سے بلا خوف کارروائیاں جاری رکھیں اور کسی کے دباﺅ میں آئے بغیر میرٹ پر قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور اس کی پاسداری ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف آگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس کا انتظامیہ کیلئے تعاون بھی حاصل ہے۔ شہریوں نے قبضہ مافیا کے خلاف انتظامیہ کی بھر پور کاروائی کو سراہتے ہوئے خوش آئند قرار دیا۔