منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے کنگ روڈ چوک اور منڈی رمضان بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی او میونسپل کمیٹی محمد فیاض، محمد طیب اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش آٹا، چینی، کریانہ، سبزیوں، فروٹ اور دیگر سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور عوام الناس کو دی جانے والی سہولیات اور ریلیف کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے اشیاءکی کوالٹی ، مقدار اور قیمتوں کا بھی تقابلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے کہا کہ حکومتی ہدایت پر قائم رمضان بازاروں کا مقصد عوام بالخصوص کم آمدنی والے افراد کو ماہ مقدس میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے تا کہ وہ خدا کی نعمتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اشیاءکی سپلائی اور کوالٹی کو برقرار رکھا جائے اور عام روز مرہ کی اشیائے خوردونوش اور تازہ سبزیوں اور پھلوں کی موجودگی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن اشیاءپر حکومت کی جانب سے خصوصی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے ان کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
قبل ازایں اسسٹنٹ کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں صفائی ستھرائی، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے سائلین کو سروسز کی فراہمی کے عمل کاجائزہ لیا اور موقع پر موجود عوام الناس کو دی جانے والی سہولیات اور سٹاف کے رویہ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ جس پر انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیس ماسک اور سماجی فاصلے کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سائلین کو انتظار کی زحممت سے بچانے کیلئے تیز رفتاری سے امورز کو نمٹایا جائے اس سلسلے میں کوئی کمی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٭٭٭٭٭