آہلہ روڈ سوہاوہ بولانی اور سوہاوہ جملانی عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، اہل دیہہ رُل گئے، کوئی شنوائی نہیں کرتا، احتجاج کر کے اپنا حق لیں گے۔
منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 30 مارچ 2021) منڈی بہائوالدین شہر کے ملحقہ قصبہ جات سوہاوہ جملانی اور سوہاوہ بولانی کی سڑک عرصہ دراز سے انتہائی خستہ حال ہو چکی ہے۔ ست سرا سے آہلہ ریلوے سٹیشن جانے والی سڑک پر پڑے کھڈے یہاں سے گزرنے والے ہزاروں راہگیروں، سینکڑوں طلباء، دفاتر و کام کاج کے لئے جانے والے شہریوں کے لئے شدید مشکلات کا سبب بنتے ہیں جبکہ اس سڑک پر واقع اور ملحقہ علاقوں سے مریضوں کو ہسپتال لے جاتے ہوئے سڑک خراب ہونے کے باعث دیر سے ہسپتال پہنچنے کی وجہ سے جانی ضیاع کا بھی احتمال رہتا ہے جبکہ طلباء و طالبات بھی تعلیمی اداروں میں بروقت نہیں پہنچ پاتے۔
اہل دیہہ نے بتایا کہ وہ متعدد بار متعلقہ حکام کو تحریری درخواستیں دے چکے ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی اور سڑک کی حالت جوں کی توں ہے۔ انہوں نے کہا یے کہ اگر سڑک کی حالت بہتر نہ کی گئی تو ست سرا چوک کو بلاک کر کے شدید احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور نااہل عوامی نمائندوں پر عائد ہو گی…