ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ دین اسلام میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ، حکومت کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 25 دسمبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاﺅالدین کے کیتھولک چرچ اور کلوری چرچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر احسان الحق ضیاء، مسیحی برادی کے سموئیل سائم اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں محب وطن ہیں اور پاکستان کے شہری ہونے کی حیثیت سے آئین اور قانون ان کے جان و مال کی محافظ ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کا تہوار منانے کیلئے مکمل محفوظ اور پر امن ماحول فراہم کیا جا رہا ہے،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے تحت ضلع بھر میں 12 گرجا گھروں، 3 کرسمس بازار وںاور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس ملازمین ،ایلیٹ اور قومی رضاکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ اور اس سلسلہ میں تمام پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسیحی برادی نے ہمیشہ محب وطن اور پرامن شہری ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے،مسیحی برادری کی کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، ضلعی انتظامیہ کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے ساتھ ہے اور انہیں کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر مسیحی رہنماﺅں نے مسیحی برادری کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، صفائی ستھرائی اور کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقادپر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ۔
