اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے ترجمان و معاون برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا،حزب اختلاف نے ہر معاملے میں رکاٹ ڈالنے کی کوشش کی،پوری دنیامیں چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں،اپوزیشن نے اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی کوشش کی مگر عمران خان نے اوورسیز کو ووٹ کا حق دے دیا ہے،تمام اوورسیز پاکستانی سیاست کو اچھی طرح سمجھتے ہیں،سینٹ میں چار بل پاس ہوئے مگر اپوزیشن کے 20اراکین موجود نہیں تھے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے چوری کا الیکشن جیتنے والوں کو تکلیف کا سامنا ہے،احساس راشن پروگرام کے تحت ں ہر غریب شہری کو رعایت دی جائے گی ۔
ہفتہ کو منڈی بہاوالدین میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ جب کوئی اوورسیز باہر جا تا ہے اور محنت کر کے جو پیسہ کماتا ہے وہ اپنے علاقے میں ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے کی سوچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے دن سے ہر معاملے میں رکاٹ ڈالنے کی کشش کی ہے اور یہ واحد حکومت ہے جس دن سے آئی ہے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جب آئی تو اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ملک کو لوٹ کھسوٹ کے ملک سے فرار ہو گئے تھے،خزانے میں کوئی پیسہ نہیں تھا،عمران خان کو کمر باندھ کر ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے نکالنے کے لئے پہلے چھ سے آٹھ مہنیے لگے اس کے بعد بھارتی حملہ جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا
،ٹڈی دل،کورونا وائرس جس سے پوری دنیا کو معاشی نقصان ہوا ہے اور ابھی اس سے نکلے ہی تھے کہ پوری دنیا میں اس وقت قیمتیں بڑھنے کا معاشی بحران آیا ہوا ہے،پیٹرول کھاد،سریا سمیت درآمد ی اشیاکی قیمتوں میں پوری دنیا میں اضافہ ہوا ہے جس وجہ سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن نے اوور سیز کو ووٹ کو حق دینے سے روکنے کے لئے ہر صورت کوشش کی اور اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے لیئے اسمبلی حال میں ہنگامہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عمران خان کو شکریہ ادا کرنا چاہیے جس نے ا وورسیز کوووٹ کا حق دے دیا ہے ، اگر ہمارے یہ بھائی ملک میں پیسے بھیج سکتے ہیں تو ووٹ کیوں نہیں دے سکتے ۔
انہوں نے کہ عمران خان اوور سیز کے ساتھ کھڑا ہوا ہے اور ان کو حق دیا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹر مشین نے مردے کو ووٹ یا ڈبل ووٹ نہیں ڈالنے دینا اس لئے اپوزیشن اس میں رکاوٹ ڈال رہی ہے،اس میں بٹن دبانے سے ووٹ ڈلے گا اور پرچی بھی نکلے گی ،جو لوگ ساری زندگی چوری کے الیکشن جیتے وہ اس میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ کل سینٹ سے چار اہم بل پاس ہوئے اس وقت اپوزیشن کے 20سینیٹرز موجود نہیں تھے، پہلے سینیٹرز پورے کریں پھر عمران خان کی حکومت ختم کرنے کا سوچیں۔انہوں نے کہا کچھ سیاسی مسخرے آئے دن میرے واپس جانے کی پیشنگوئیاں کرتے ہیں کہ شہباز گل امریکہ جانے والے ہیں مگر میں اب جانے والا نہیں ہوں عمران خان حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں ،عمران خان چاہے تو الیکشن لڑوں گا اگر نہیں چاہے تو نہیں لڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عمران خان احساس روشن پروگرام لا رہے ہیں جس میں ہر غریب شہری کورعایت دی جائے گی تاکہ عالمی مہنگائی کے اثرات کم کئے جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان چوروں سے لوٹا ہوا پیسہ غریب عوام پر خرچ کر رہا ہے،صحت کارڈ تمام غریب عوام میں تقسیم کیا جائے گا جس کے تحت کسی بھی ہسپتال میں دس لاکھ تک کا مفت علاج کرایا جاسکے گا
