ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایت کی روشنی میں شاہ تاج شوگر ملز کسانوں سے 300 روپے فی من گنا خرید کرے گی لہذٰا مل مالکان حکومت کی جانب سے مقررہ کردہ قیمت کی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں اور ٹریفک کی روانی میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔
منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 02دسمبر 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں کرشنگ سیزن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین عثمان امین، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر وحید گوندل، ڈی ایس پی ٹریفک طارق شفیع، آر ٹی اے سیکرٹری فریال فخر، ملز انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ تاج شوگر ملز منڈی بہاوالدین نے کرشنگ سیزن کا آغا ز کر دیا
ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس ، ملز انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو ایک جامع ٹریفک پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی تا کہ گنے کی لوڈڈ ٹرالیاںٹریفک کی روانی کو متاثر نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کنگ چوک سے ست سرا چوک تک ہر قسم کی تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کو فوری ختم کیا جائے ، کسانوں سے اپیل ہے کہ ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹرز کو یقینی بنائیں اور ایک ٹریکٹر کے پیچھے دو گنے کی ٹرالیوں کو ہر گز نہ جوڑا جائے تا کہ کسی قسم کے حادثے سے بچاجا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام ممبران کو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو کسانوں کے نمائندگان سے فوری میٹنگ کرنے اور کسانوں کوآگاہی دینے کے احکامات جاری کئے ،اجلاس میںگنے کی ٹرالیوں کے لو ڈنگ کی حد مقرر کرنے اور دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ملز انتظامیہ کی جانب سے کسانوں اور انتظامیہ سے بھر پور تعا ون کی یقین دہانی کروائی گئی۔