ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلع بھر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایکسیڈینٹل ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے فریال نعیم،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122عمران خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 26فروری 2024) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122عمران خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلع بھر میں پچھلے ایک ماہ کے دوران ہونے والے حادثات کی رپورٹ پیش کی ۔ ان حادثات کے ہونے کی وجوہات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
حادثات ہونے کی نمایاں وجوہات ٹریفک قوانین کی لاعلمی اور ان پر عمل پیرا نہ ہونا ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، تیز رفتاری اور کم عمر ڈرائیور وغیرہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے بریفنگ سننے کے بعد کہا کہ والدین میں اس بات کی آگاہی پیدا کی جائے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل اور گاڑی کی ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔
انہوں نے ٹریفک افسران کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کو کسی صورت شاہراہوں پر نہ آنے دیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف بھاری چالان کئے جائیں بلکہ ان گاڑیوں کو تھانوں میں بھی بند کر دیا جائے۔ان اقدامات سے ہم ممکنہ ٹریفک حادثات میں کافی حد تک کمی لا سکتے ہیں ۔