کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 242 روپے پر پہنچ کر 239.94 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوگئی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی قیمت میں ایک دن کے دوران 10 ہزار 500 روپے کا تاریخی اضافہ ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیاسی عدم استحکام کے سبب ڈالر کی قیمت میں اضافے کا تسلسل برقرار ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روزانہ ڈالر کی قیمت نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے اور آج بھی اس کی قیمت ایک بار پھر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3.92 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 239.94 روپے ہوگئی۔
قبل ازیں انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قیمت 242 کی سطح پر آگئی تھی تاہم مارکیٹ بند ہوتے وقت ڈالر کی قیمت 239.94 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی عالمی معیشت میں متعدد بحرانوں کی زد میں ہے، پاکستان کی معیشت پر اگرچہ زیادہ تر یہ دباؤ عالمی وجوہات کی وجہ سے ہے تاہم اس میں ملکی عوامل بھی شامل ہوگئے ہیں۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ ، پندرہ برس کی بلند ترین مہنگائی، زر مبادلہ ذخائر میں کمی، روپے کی قدر میں کمی اور ہمارے بین الاقوامی بانڈز کے پریشان کن حد تک بڑھ جانے والے منافع اس طوفان کی نشاندہی کرتے ہیں. ڈالر کی طرح سونے کی نرخوں میں بھی کئی روز سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے.
گزشتہ روز سونے کے نرخ میں ڈھائی ہزار روپے کا اضافہ ہوا تھا اور آج سونے کی قیمت میں اچانک 10 ہزار 500 روپے کا تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 29 ڈالرکے اضافے سے فی اونس سونا 1750 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 10 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ قیمت ایک لاکھ 62 ہزار 500 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح سونے کی 10 گرام قیمت 7288 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 39 ہزار 603 روپے ہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں ڈھائی ہزار روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد محض دو دن کے دوران سونے کی قیمت میں 13 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے بڑھ کر 1630 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے بڑھ کر 1397.46 روپے کی سطح پر آگئی.