ساجد بلوچ: پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی ڈیرہ اسماعیل خان سے اسلحہ لاہور پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ڈرائیور سمیت 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا سے پنجاب میں داخل ہونے پر پہلی انٹری چیک پوسٹ پر بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور کارتوس برآمد ہوئے۔ ڈرائیور نے بیریئر توڑ کر قتل کی نیت سے گاڑی پولیس اہلکاروں پر چڑھا دی، پولیس ٹیم نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا اور تھوڑے فاصلے پر اسے گھیرے میں لے لیا۔
ڈی پی او بھکر کاکہناتھا کہ صندوق سے غیر قانونی 22 رائفلیں 222 بور ، 42 میگزین ، 181 کارتوس برآمد ہوا، ڈرائیور محمد رشید سکنہ ڈی آئی خان کو ساتھی اعجاز سکنہ منڈی بہاؤالدین سمیت گرفتارکرلیاگیا۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ اسلحہ پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور کی حفاظت کیلئے ڈیرے پر رکھا ہوا تھا ،ڈی آئی خان سے اسلحہ کو لاہور منتقل کیا جارہا تھا۔ ڈی پی او محمد نوید کاکہناہے کہ اسلحہ تخریب کاری میں استعمال ہونے کا شبہ ہے ، غیر قانونی اسلحہ کی بھاری مقدار کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
