ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، ضلع کے پولیو فری سٹیٹس کو برقرار رکھا جائے گا جس کیلئے ہر شخص اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 27 اگست2022) اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد افتخار، فوکل پرسن ای پی آئی رافعہ ناہید، نمائندہ یونیسیف محمد اقبال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد افتخار نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 22 اگست سے 26 اگست تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے3 لاکھ 13 ہزار 807 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ3 لاکھ 11 ہزار 764 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا. اس طرح مجموعی کوریج 101 فیصد رہی۔
سی او ہیلتھ نے مزید بتایا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کی 70 فکسڈ ٹیمیں، 43 ٹرانزٹ پوائنٹس، گھر گھر جانے والی1225 ٹیمیں ،70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارج مقرر کئے گئے تھے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ بھی انسداد پولیو مہم کے دوران بھی اسی طرح دلجمعی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے، قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا عبادت سے کم نہیں۔ ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاںنے کہاکہ معاشرے کے ہر طبقے کے والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔
