ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 16 دسمبر سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔
منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27نومبر 2024) سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے انسداد پو لیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 دسمبر سے 20 دسمبر 2024 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
پانچ روزہ مہم کے دوران پانچ سال تک کے 3 لاکھ 24 ہزار 622 بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کے 2،922 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں، 45 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 1،225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔
اس ضمن میں مائیکرو اور میکرو پلان تیار کر کے ضلعی اور تحصیل سطح پر متعلقہ سٹاف کو تربیت فراہم کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے جو عملی اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی فیک انٹریز سے اجتناب کیا جائے اور گزشتہ پولیو مہم کو مد نظر رکھتے ہوئے خامیوں کو دور کیا جائے ۔