court

6 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کل 18 میڈیکل سٹورز کے کیسز زیر بحث لائے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے 6 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے اور ایک میڈیکل سٹور کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے جبکہ 9میڈیکل سٹورز کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیا ۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 12 جون 2023) اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد افضل، ڈسٹرکٹ سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عظمیٰ مظہروڑائچ، ممبر کمیٹی ڈاکٹر کفایت رسول،ڈرگ انسپکٹرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب18میڈیکل سٹورز مالکان کے کیسز پیش کئے گئے ۔ جن پر بغیر لائسنس ، بغیر وارنٹی، زائدالمیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے ، صفائی ستھرائی اور فریزر میں ادویات نہ رکھنے وغیرہ جیسے الزامات تھے۔

اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔ جس میں بورڈ ممبران کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں6 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے اورایک میڈیکل سٹور کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے جبکہ 9 میڈیکل سٹورز کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈرگ انسپکٹر ز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سٹور مالکان کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ حساس ادویات کو ریفریجریٹرمیں محفوظ کریںاوروہ ادویات کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ اور وارنٹی ضرور رکھیں۔کسی میڈیکل سٹور پر زائد المیعاد ادویات نہیں ہونی چاہئیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوراََ کاروائی کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو میڈیکل سٹور یا کلینک کوالیفائیڈ افراد کے نام استعمال کرتے ہیں وہاں ان کی موجودگی ضروری ہے۔ کوالیفائیڈ شخص کے بغیر میڈیکل سٹور یا کلینک کام نہیں کر سکتا۔انہوںنے کہاکہ وارننگ یا سزا کے بعد بھی بے قاعدگیوں سے باز نہ آنے والے میڈیکل سٹوروں کا کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا کر موثر پیروی کی جائے۔ کسی تفریق کے بغیر کارروائی ہونی چاہئیے۔

انہوں نے ڈرگ انسپکٹر ز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل سٹورز کا معائنہ کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے قوانین کے تحت کاروائی کریں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں