arrested

پنجاب میں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں، 7 دہشت گرد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ پنجاب کے جن شہروں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیے گئے ان میں لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، لیہ، ساہیوال، میانوالی اور بہاولپور شامل ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر معاویہ کو بہاولپور سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گردوں سے بارودی مواد، دستی بم 01، ڈیٹونیٹر 6، سیفٹی فیوز 6، اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

دہشت گردوں کی شناخت رحیم شاہ، محمد عثمان، مرتضیٰ حسن، عمر سعید، رحمت، کاشف اور حسنین معاویہ کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے مختلف اداروں پر حملوں کا منصوبہ بنایا اور حکومتی نظام کو تبدیل کرنا چاہتے تھے۔

رواں ہفتے 935 کومبنگ آپریشنز کے دوران 48 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کومبنگ آپریشنز میں 36،056 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔ وہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں