ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے ،قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا کسی عبادت سے کم نہیں، انہوں نے فیلڈ میں مصروف عمل پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور گلی محلوں، بس اڈوں ، سٹیشن اور دیگر مقامات پر مامور ٹیموں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23اگست2022 ) ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو) ملک عباس ذوالقرنین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل نذر، ڈپٹی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر فرخ، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف،یونیسف کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں اجلاس کو سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد افتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ3 ہزار 463 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ ہدف ایک لاکھ3 ہزار 921 مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی کوریج 99 فیصد رہی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی،جن گھروں اور پوائنٹس پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں مانیٹرنگ ٹیمیں اس کی تصدیق کریں۔
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسدادپولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے جگر گوشوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے انسداد پولیو ویکسی نیشن کے قطرے ضرور پلوائیں۔
