ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 8ستمبر2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائندگان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین، ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا محمد سعید، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد مقرر کر دیں۔
جس کے مطابق آٹا 20 کلو بیگ 980روپے جبکہ 10کلو بیگ 490روپے، چاول باسمتی سپرنیا 220کلو، دال چناموٹی 215روپے، دال چنا باریک 205روپے، دال ماش دھلی 360روپے، دال مسور موٹی 280روپے، دال مونگ دھلی 225روپے، سفید چنا باریک کینیڈا 280روپے، سیاہ چنا 200روپے، بیسن 205روپے کلو، چینی 85روپے فی کلو گرام ،چھوٹا گوشت 1100روپے کلو جبکہ بڑا گوشت 550کلو پر دستیاب ہوگا۔
اسی طرح دودھ 110روپے لیٹر اور دہی 120کلو گرام پر دستیاب ہوں گے۔ تندوری روٹی100گرام 10روپے فی عدد، نان 15روپے فی عدد پر دستیاب ہونگے جبکہ بقیہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلی قیمت پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سبزیوں، فروٹ ، انڈے ، برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی روزنامہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی۔
منڈی بہائوالدین میں آج پھل، سبزی و برائلر مرغ کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں
ڈپٹی کمشنرتسنیم علی خاں نے کہا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش ،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی غریب اور چھوٹے دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاکہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہ کی جائے گی بلکہ ایسے عناصر کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں بھاری جرمانوں کے علاوہ جیل کی سزا بھی دی جائے گی۔
