mandi bahauddin rate list

منڈی بہاءالدین میں اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا تعین کر دیا گیا، کیا سستا ہوا کیا مہنگا؟

ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقدہ ہوا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین نے کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی اور استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جا رہا ہے، لہذا اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں اشیائے خودونوش کی قیمتوں کی چیکنگ کریں اور منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور پھلوں کی آکشن کی نگرانی کریں۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 22نومبر 2022) اجلاس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائندگان کے تعاون سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا از سر نو تعین کیا گیا۔ اجلاس میںڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا محمد سعید، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ضیاءاللہ گوندل،صدر قصابان نادر پہلوان،محمد انار، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد مقرر کر دیں۔

جس کے مطابق آٹا 20کلو گرام بیگ1295 روپے جبکہ آٹا 10 کلو گرام بیگ648 روپے، چاول باسمتی سپرنیا 220 روپے کلو، دال چناموٹی 200روپے، دال چنا باریک190 روپے، دال ماش دھلی330 روپے، دال ماش چھلکا310 روپے، دال مسور موٹی 210 روپے، دال مونگ دھلی215 روپے،سفید چنا باریک کینیڈین 270 روپے،کالا چنا 180 روپے، بیسن 190روپے کلو، چھوٹا گوشت1250 روپے کلو جبکہ بڑا گوشت 650 کلو پر دستیاب ہوگا۔

اسی طرح دودھ 120 روپے لیٹر اور دہی 130 روپے فی کلو گرام پر دستیاب ہوں گے۔ تندوری روٹی100 گرام 10 روپے فی عدد، نان15روپے فی عدد پر دستیاب ہونگے جبکہ بقیہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلی قیمت پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔سبزیوں، فروٹ ، انڈے ، برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی روزنامہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی۔

منڈی بہاءالدین میں آج سبزی و پھل کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک عباس ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی غریب اور چھوٹے دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔انہوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاکہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہ کی جائے گی بلکہ ایسے عناصر کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں بھاری جرمانوں کے علاوہ جیل کی سزا بھی دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں