ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد احمد ظہیر کی زیر صدارت کسانوں کی سہولت کے لیے گندم کی سٹوریج /الیکٹرونک وئر ہاوس رسیٹ اور ای ڈبلیو آر سسٹم کے حوالے سے ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔
منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 22اپریل 2025 ) اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سید جاوید شاہ سمیت کسان نمائندگان اور آڑھتی حضرات نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائر یکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال نے شرکا کو حکومت پنجاب کی طرف سے EWR سسٹم کے حوالے سے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت کسانوں گندم کی قیمت کا 70 فیصد فوری ادائیگی کر دی جائے گی اور کسانوں کو چار ماہ کے لیے سٹوریج کی سہولت دی جائے گی اور کاشتکار پر کسی قسم کا کوئی انٹرسٹ لاگو نہ ہوگا جبکہ اس کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔
اس طرح کسان میں اپنی گندم کم داموں میں بیچنے سے بچ جائے گا اور اپنی گندم کی اچھی قیمت حاصل کر پائے گا۔انہوں نے مذید بتایا پنجاب حکومت نے گندم کے کاشتکاروں کے لئے 25 ارب روپے کی ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام امدادی پیکج کی منظوری دی ہے جس کے تحت گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے ملیں گے اور 5 ایکڑ پر گندم کے کاشتکاروں کو 25 ہزار روپے ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فلور ملوں کو کم از کم 25 فیصد گندم خریداری کا پابند بھی بنایا جائے گا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے مذید بتایا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو گندم کی صوبے کے اندر اور باہر آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت بھی دے دی ہے جس کے تحت کسانوں کوگندم کو صوبائی سرحدوں کے پار منتقل کرنے کی اجازت ہوگی، جس سے انہیں اپنے پیداوار کو زیادہ منافع بخش منڈیوں میں بیچنے کا موقع ملے گا۔
حکومت کے اس اقدام سے گندم مارکیٹ میں مقابلے کا ماحول بڑھے گا، جو کہ کسانوں کے لیے بہتر قیمتوں کی صورت میں فائدہ مند ثابت ہو گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بہترین اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے زراعت افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں میں EWR سسٹم سے متعلق آگاہی مہم چلائیں تا کہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
Leave a Reply