kashmir day

مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کے پانچ سال مکمل ہونے پر ’یوم کشمیر استحصال‘ منایا گیا

بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے پانچ سال مکمل ہونے پر ملک بھر کی طرح منڈی بہاوالدین میں بھی مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ‘یوم استحصال کشمیر’ بھر پور طریقے سے منایا گیا.

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 05 اگست 2024) اس دن کو منانے کا مقصد اقوام عالم کی توجہ جدوجہد آزادی کی طرف مبذول کرانا تھی۔ کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلع کونسل ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کی۔

تقریب میں کشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کئے گئے جبکہ بچوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف خوبصورت ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے۔ ڈپٹی کمشنر نے تقریب میں بہترین پرفارمنس دکھانے والے بچوں اور سکاؤٹس میں نقد انعامات تقسیم کئے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت نے آج کے دن پانچ سال پہلے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے کشمیریوں کا استحصال کیا۔ پاکستانی قوم عالمی برادری کو جگانے کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈی سی آفس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔

شرکاء ریلی نے کشمیر کے تصفیہ کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے حوالے سے مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کشمیریوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے اختتام پر دعا بھی کئی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں