منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 05فروری 2023)ڈپٹی کمشنر ملک عباس ذوالقرنین نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مظالم کا نوٹس لے، کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق کوئی نہیں چھین سکتا.
انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی عوام کے د ل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان بالخصوص منڈی بہاوالدین کے عوام کشمیروں کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے، انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کے حوالے سے پاکستانی قوم کا موقف ذمہ دارانہ انداز میں پیش کیا جس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک بنیادی ایشو بن گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پرچم کشائی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین عامر محمود، اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈ کوارٹر) وحید حسن گوندل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن اکرام اللہ تارڑ، ڈی او سکینڈری سرفراز احمد، تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلباء، میڈیا نمائندگان، سیاسی سماجی رہنماﺅں کے علاوہ عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ملک عباس ذوالقرنین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہر پاکستانی نے مل کر پوری دنیا کو بھارت کا بھیانک چہرہ اور کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کو دکھا دیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری میں تنہا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد کی آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کی بھر پور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کشمیر کی آزادی تک جاری رکھی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بالخصوص منڈی بہاوالدین کے عوام کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی میں دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر موجود عوام نے بھارت سمیت دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ پاکستانی قوم ہر لمحہ ، ہر وقت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی تحریک آزادی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار کھڑی ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی کی قیادت کی ۔
ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے، یوم یکجہتی کشمیر کے بینرز اور نعروں سے مزین کتبے اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے شروع ہو کر کینال ویو پارک کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔اسی طرح تحصیل پھالیہ اور ملکوال میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔
