ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر / ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کے سلسلہ میں ایجوکیشن افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اورنگزیب اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 31جنوری 2024) اجلاس میں ضلع بھر کے 762 پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی ، صفائی ستھرائی،باﺅنڈری والز، پینے کا صاف پانی ،بجلی کی دستیابی، واش رومز سمیت پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات و دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر شاہد عمران مارتھ نے ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے ایریاز کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرکے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیں اور ووٹرز کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے سکول کونسل کے بجٹ کو استعمال میں لایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حساس پولنگ سٹیشنز پر نصب کئے گئے کیمروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے، چوکیدار 24 گھنٹے سکولز میں موجود ہونے چاہیئں ، پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر بڑی لائٹس نصب کی جائیں،پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام ہونا چاہیے۔
