today petrol price in pakistan 2023

حکومت نے 16 مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست کمی کر دی

لاہور: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔ 16 مئی سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے بقیہ 16 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے کمی کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں کمی کی گئی ہے۔

پاکستان میں تازہ ترین پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جانئیے

وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 7 روپے 54 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 86 پیسے کمی کر دی گئی۔

اس طرح پیٹرول کی نئی قیمت 273 روپے 10 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی نئی قیمت 274 روپے 08 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 173 روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 161 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا جو 31 مئی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک نافذ العمل رہیں گی۔واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ چند روز سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے تک کمی متوقع تھی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر فی الحال پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی نہیں لگایا۔ جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں