پھالیہ: ایس ای گیپکو سرکل منڈی بہاؤالدین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کی سربراہی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کو ایک سال مکمل ہوگیا۔
ایک سال کے دوران 1301 بجلی چور گرفتار، بجلی چوروں پر 10 کروڑ 8 لاکھ 1 ہزار کے جرمانے عائد، 9 کروڑ 85 ہزار کی ریکوری کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی۔
بجلی چوری کے خاتمے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایس ای گیپکو سرکل منڈی بہاؤالدین ملک امین اعوان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نعیم رضا گوندل نے ایکسین منڈی بہاؤالدین نادر علی بھیو اور ایکسین پھالیہ مرزا محمد اعظم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو سرکل منڈی بہاؤالدین کی فیلڈ ٹیمیں بجلی چوری کے خاتمے کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسر وں کے ساتھ ملکرضلع کی تینوں تحصیلوں منڈی بہاؤالدین، پھالیہ اور ملکوال میں گھر گھر جا کر بجلی کے میٹر چیک کر رہی ہیں۔ اور بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔