وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 15 سال سے زیر التواء نئے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی چار دیواری کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے افتتاح کر دیا، محکمہ ریونیو اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود
منڈی بہاوالدین(نامہ نگار) تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی 15 سال سے متنازعہ چار دیواری کی تعمیر کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے چار دیواری کا افتتاح کیا
یہ بھی پڑھیں: ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہاؤالدین میں نئی میڈیکل ایمرجنسی فنکشنل
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی چار دیواری عرصہ 15 سال سے عدالتی کیسز کی وجہ سے زیر التواء تھی عدالت عالیہ سے فیصلہ اسپتال کے حق میں آنے کے بعد 142 کینال اراضی پر 38 لاکھ روپے کی لاگت سے چار دیواری کا کام شروع کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے، اور جب تک یہ مکمل نہیں ہوگا محکمہ ریونیو، محکمہ مال، اور پولیس کے کی بھاری نفری یہاں موجود رہے گی.
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ شہریوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اس چار دیواری کا ہونا انتہائی حساس اور اہم معاملہ تھا جس پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بھی اسپتال کے دورہ کے دوران اسکی فوری تعمیر کا حکم دیا تھا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی
