آپریشن بنیان مرصوص کے آغاز کے بعد پاک بھارت افواج کے درمیان ہاٹ لائن پر پہلے رابطے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی جارحیت پر پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دونوں افواج کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔
دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے آج ہاٹ لائن پر بات چیت کی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد دونوں ممالک کی افواج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے آج پہلی بار ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور جلد ملاقات کا امکان ہے۔
ادھر میڈیا بریفنگ کے دوران بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مغربی سرحدی علاقوں پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور، بھٹنڈہ اسٹیشنوں پر فوجی تنصیبات اور فوجی اہلکاروں کو نقصان پہنچا۔ پاکستان نے پنجاب میں ایئر بیس اسٹیشن کو تیز رفتار میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پاکستان نے سری نگر، اونتی پورہ، ادھم پور میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی ترجمان کرنل صوفیہ قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہوئے مسلسل کارروائیاں کیں۔ پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم بھارت مزید کشیدگی نہیں چاہتا، بشرطیکہ پاکستان بھی کشیدگی کم کرے۔
ہم پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے۔ بھارت مزید تصادم نہیں چاہتا۔ ہم سرحدوں پر کوئی کشیدگی نہیں چاہتے اور ہم پاکستان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔
قبل ازیں پاکستانی سیکورٹی ذرائع نے کہا تھا کہ پاکستانی فوج نے راجوری میں ہندوستانی ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ سینٹر کو تباہ کر دیا جو پاکستان میں دہشت گردی کر رہا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت کے سرسا ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ سرسا ایئر فیلڈ کی تباہی کی تصدیق خود بھارتی میڈیا نے کی ہے۔
اس کے علاوہ بھارت کا بھٹنڈہ ایئر فیلڈ تباہ ہو گیا۔ پاکستان نے دشمن کا اکھنور ایوی ایشن بیس بھی تباہ کر دیا۔ بھارت کا سورت گڑھ ایئر فیلڈ بھی تباہ ہو گیا ہے۔ پاکستان کی کارروائی کے دوران بھارت کا اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے فتح ون میزائل سسٹم کے ذریعے کئی بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا۔
Leave a Reply